بھٹکل 8/مارچ (ایس او نیوز) گزشتہ سال نومبر میں بھٹکل تعلقہ کے شیرالی چتراپور علاقے میں جگدیش راما نائک (25سال) نے خود کشی کی تھی۔ اس معاملے کی تحقیقات ابھی پولیس کے ذریعے جاری تھی۔ اس دوران مہلوک جگدیش کی بیوی ممتا نائک نے اپنے شوہر کی موت کے لئے شہر کے دو افراد ذمہ دار ہونے کا الزام لگاتے ہوئے بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی ہے اور اس خودکشی کے معاملے کی قتل کے زاویے سے جانچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ممتا نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اس کا شوہر جگدیش کارپینٹر کا کام کرتا تھا اور اس کے ساتھ ہی ایک فاسٹ فوڈ کی دکان بھی چلا رہاتھا۔ لیکن دکان چلانے میں مشکلات پیش آنے کی وجہ سے اس نے یہ دکان شہر کے دو لوگوں کو چلانے کے لئے دے رکھی تھی۔ اس مسئلے پر یہ دونوں افراد جگدیش کے ساتھ بار بار جھگڑا کیا کرتے تھے۔
ممتا کی شکایت کے مطابق گزشتہ سال 15نومبرکی رات کو 8.30بجے ان دو لوگوں نے شیرالی کوٹے باگل کے راستے پر واقع ایک شراب کی دکان کے سامنے ان دولوگوں نے جگدیش کے ساتھ جھگڑا کیا، گالی گلوچ کی اور پھر اس پر حملہ کیا تھا۔اس واقعے سے دکھی ہوکر اور ان دو لوگوں کی طرف سے کی جارہی ہراسانی سے تنگ آکر جگدیش نے16نومبر کوصبح میں زہر کھاکر خود کشی کرنے سے پہلے ایک تحریر چھوڑی ہے جس میں ان دونوں کی طرف سے ہورہی ہراسانی کا ذکر ہے۔
ممتانائک کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے شوہر کی موت کے لئے ذمہ دار ان دو افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 306کے تحت معاملہ داخل کرنے کی درخواست کی تھی، مگر پولیس نے اس پرتوجہ نہیں دی۔اس نے الزام لگایا ہے کہ پولیس کی طرف سے دفعہ 174کے تحت غیر فطری موت کا معاملہ درج کرکے اس کیس کو بند کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس معاملے پر پولیس نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکشی کے بعد مہلوک کے بھائیوں کی طرف سے درج کی گئی شکایت کی بنیا د پر ایف آئی آرداخل گئی تھی۔پنچ نامے کے موقع پردی گئی ڈیتھ نوٹ والی چٹھی عدالت میں جمع کردی گئی ہے۔اس معاملے کی تحقیقات ابھی چل رہی ہے۔زہر خورانی کے تعلق سے فورنسک رپورٹ ابھی موصول ہونا باقی ہے۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیس کی تحقیقات چل رہی ہے۔ پولیس کے خلاف مہلوک کی بیوی نے جو الزامات لگائے ہیں اس میں کوئی دم نہیں ہے۔